01 دسمبر 2021
تازہ ترین
دورہ بنگلہ دیشٜ قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

دورہ بنگلہ دیشٜ قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

لاہورٜ قومی سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔  اوپنر امام الحق، مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام اور آف اسپنر بلال آصف اعلان کردہ 20رکنی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان تین کھلاڑیوں کو حارث ر¶ف، عمران بٹ، شاہنواز دھانی اور یاسر شاہ کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔  قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر امام الحق کو دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔ انہوں نے چار میچز کی پانچ اننگز میں 488رنز بنائے ہیں، جس میں ایک ناقابل شکست ڈبل سنچری بھی شا مل ہے۔ امام الحق نے اپنا گیارہواں اور آخری ٹیسٹ نومبرٚ دسمبر 2019میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ اُدھر بلال آصف کو یاسر شاہ کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یاسر شاہ انگوٹھے کی انجری کا شکار ہیں۔ انہیں نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران انگوٹھے پر گیند لگ گئی تھی۔ آف سپنر نے پانچ ٹیسٹ میچز میں 16وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔  دورہ ویسٹ انڈیز سے محروم رہنے والے کامران غلام دوبارہ قومی  اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔ وہ 2020-21 کے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے ریکارڈ 1249رنز بنانے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل تھے۔ وہ اس وقت پاکستان شاہینز کے ساتھ سری لنکا میں ہیں جہاں انہوں نے بارش سے متاثرہ دو میچز کی دو اننگز میں 58ناٹ آئوٹ اور 45رنز بنائے۔ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت اور حریف ٹیم کے ممکنہ سکواڈ اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہمارے پاس پہلے ہی چار فرنٹ لائن فاسٹ با¶لرز ہیں، لہٰذا ہم نے حارث ر¶ف اور شاہنواز دہانی کو ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان واپس بلالیا ہے تاکہ وہ قائد اعظم ٹرافی کھیلیں اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی تیاری کرسکیں۔ ان فارم  امام الحق نے عمران بٹ کی جگہ لی ہے، جنہوں نے 10 ٹیسٹ اننگز میں 17.8 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔ دورہ بنگلہ دیش کے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد عباس، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ سیریز کے میچ چٹاگانگ (26-30 نومبر) اور ڈھاکہ (4-8 دسمبر) میں کھیلے جائیں گے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟