26 اکتوبر 2020
تازہ ترین
رہنما ن لیگ زبیر عمر نے نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق 2 ملاقاتیں کیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

رہنما ن لیگ زبیر عمر نے نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق 2 ملاقاتیں کیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار کے مطابق رہنما ن لیگ زبیر عمر نے نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق 2 ملاقاتیں کیں، پہلی ملاقات اگست کے آخری ہفتے میں اور دوسری ملاقات 7 ستمبر کو ہوئی، دونوں ملاقاتیں سابق گورنر سندھ کی درخواست ہوئیں، ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بڑا انکشاف کیا گیا ہے۔   ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے قائد ن لیگ نواز شریف اور مریم نواز کے حوالے سے 2 مرتبہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات کی۔ پہلی ملاقات اگست کے آخری ہفتے میں جبکہ دوسری ملاقات 7 ستمبر کو ہوئی۔   زبیر عمر اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے درمیان ہوئی ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض بھی شریک تھے۔   ملاقاتوں کے دوران زبیر عمر نے نواز شریف اور مریم نواز کے مقدمات اور سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔ اس حوالے سے آرمی چیف نے واضح کیا کہ سیاسی معاملات کا تعلق پارلیمنٹ اور قانونی معاملات کا تعلق پاکستان کی عدلیہ سے ہے۔ آرمی چیف نے رہنما ن لیگ سے کہا کہ سیاسی معاملات پارلیمنٹ میں طے کیے جائیں، فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے۔ جبکہ قانونی مسائل کا حل بھی عدالتوں میں ہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نواز شریف کی کسی قریبی شخصیت نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی، تاہم اب ترجمان پاک فوج نے ن لیگ کے اہم ترین رہنما زبیر عمر کی جنرل قمر باجوہ سے ہوئی ملاقاتوں کی تصدیق کر دی ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟