سابق قومی کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ باو لنگ کے بعد نوجوان پیسر شاہین آفریدی کے مداح ہو گئے جن کا کہنا تھا کہ پاکستانی فاسٹ باو لر کا کھیل نکھرتا جا رہا ہے، لیکن انہیں خود کو انجریز سے ممکنہ طور پر بچانا چاہئے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہناتھا کہ شاہین آفریدی پاکستان فاسٹ باؤلنگ کا مستقبل ہے اور انھوں نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں صرف اسے سامنے لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ شاہین آفریدی کو دریافت کرنے کا کریڈٹ سابق کرکٹرزمشتاق احمد اور مدثر نذر کے کھاتے میں جاتاہے۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان پیسر شاہین آفریدی نے کاونٹی کرکٹ میں 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں نام رقم کرایا۔