25 اکتوبر 2020
تازہ ترین
سُروں کی ملکہ نورجہاں کا 94 واں یوم پیدائش

سُروں کی ملکہ نورجہاں کا 94 واں یوم پیدائش

 برصغیر کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 94ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ فن گائیکی کا انمول سرمایہ، دلکش اور سریلی آواز کی مالک برصغیر کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نورجہاں،موسیقی کا ایک درخشاں باب تھیں،21 ستمبر 1926کو قصورمیں پیدا ہونے والی نور جہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا۔ انہوں نے اپنے فنی کیرئر کا آغاز 1935 میں بطور چائلڈ اسٹار فلم 'پنڈ دی کڑیاں' سے کیا۔ 1941ء میں بمبئی میں بننے والی فلم خاندان نے ان کے لیے خوشیوں اور کامیابیوں کے دروازے کھولے ۔ اسی فلم کی تیاری کے دوران ہدایت کار شوکت حسین رضوی سے ان کی ملاقات ہوئی اور دونوں نے شادی کرلی۔ نور جہاں کا فنی کیرئیر چھ دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے 26 فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور تقریبا ایک ہزار فلموں کے لیے گیت گائے۔ ملکہ ترنم نے صرف اردو اور پنجابی میں ہی گیت نہیں گائے بلکہ غزل گائیکی میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں ۔ میڈم نور جہاں الفاظ کی ادائیگی اورُ سروں کے اتار چڑھاؤ میں کمال رکھتی تھیں۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران ان کے قومی نغموں نے دلوں کو گرمایا اور آج بھی یہ نغمے لوگوں کے دلوں میں ان کی یاد کو تازہ کیے رکھتے ہیں۔ ملکہ ترنم نور جہاں کی آواز سامعین پر سحر طاری کر دیتی تھی ان کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر پہچان کروائی۔ حکومتِ پاکستان نے انکی خدمات کو سراہتے ہوئے1957 میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارگردگی اور 1966 میں نشان امتیاز سے نوازا۔ ملکہ نورجہاں 23 دسمبر 2000 کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، ان کی یاد ہمیشہ ان کے مداحوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟