ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ کورونا متاثرین کے نئے معاملات سامنے آنے کے بعد اب ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 47 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کی رپورٹ کو دیکھیں تو ملک میں کرونا کے 94 ہزار 372 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ 1114 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ نئے کیس آنے کے بعد ملک میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 47 لاکھ 54 ہزار 356 ہوگئی ہے ۔ ایک روز قبل 97 ہزار 570 نئے معاملات سامنے آئے تھے جبکہ 1201 لوگواں کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی ۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثر مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ ملک میں ابھی کورونا کے 9 لاکھ 73 ہزار 175 ایکٹیو کیسیز ہیں جبکہ 37 لاکھ دو ہزار 595 لوگ ٹھیک ہوکر اپنے گھر جاچکے ہیں ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں اب تک 78 ہزار 586 مریضوں کی جان جاچکی ہے ۔