18 اگست 2019
تازہ ترین
خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد سابق فاٹا میں پہلی بار الیکشن، پولنگ کا وقت ختم

خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد سابق فاٹا میں پہلی بار الیکشن، پولنگ کا وقت ختم

 خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد قبائلی علاقوں میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہورہے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، شام 5 بجے پولنگ کا عمل ختم ہوا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں دو، ضلع خیبر میں 3، ضلع کرم میں 2 اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ ضلع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی 2،2 نشستوں کیلئے پولنگ ہوئی، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔ پی کے 115 کے علاقوں میں جانی خیل، بٹہ خیل، جنگل خیل، تحصیل لالچی، تحصیل گمبٹ اور تحصیل درہ آدم خیل شامل ہیں۔ عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22 اور اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔ 16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں  جن میں سے 464 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا۔ ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ اسٹیشن جب کہ صرف مردوں کے لیے 482 اور خواتین کے لیے مختص 376 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج تعینات ہے جب کہ انتہائی حساس  پولنگ اسٹیشنز کے اندر بھی فوج تعینات کی گئی ہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جب کہ ووٹنگ کے لیے  28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے۔ ترجمان الیکشن کمیشن چودھری ندیم قاسم کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں ووٹ ڈالنے کا عمل پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا اور اس دوران الیکشن کمیشن کو 4 شکایات موصول ہوئیں جو معمولی نوعیت کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر واٹس ایپ کے ذریعے نتائج ریٹرننگ افسر کو بھیجے گا، دور دراز علاقوں سے پریزائیڈنگ افسر خود جا کر آر او کو نتائج دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں رات کو نقل و حرکت نہیں ہوتی وہاں نتائج صبح موصول ہونا شروع ہوں گے جب کہ دیگر علاقوں سے نتائج آج رات موصول ہونا شروع ہوجائیں گے۔ ضلع کرم میں خواتین ووٹرز نے سی سی ٹی وی کیمروں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کرم ایجنسی کو ٹیلی فون کر کے خواتین کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان کا کہنا ہے کہ ڈی آر او نے خواتین کو یقین دہانی کرائی کہ کیمرے صرف سکیورٹی کے لیے ہیں، تحفظات دور ہونے پر 11 خواتین نے ووٹ کاسٹ کر لیے۔ شکایات اور نتائج موصول کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں سیل قائم کر دیا گیا ہے، جو 20 اور 21  جولائی کو 24 گھنٹے کام کرے گا۔ الیکشن سے متعلق شکایات 0519210809  اور 0519210810  پر موصول کی جائیں گی۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان پرانے سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔ پریزائیڈنگ افسر فارم 45  پولنگ ایجنٹس کے حوالے کرے گا اور ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچائے گا جہاں سے نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دیئے جائیں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے اس لیے نتائج واٹس ایپ پر فراہم کئے جائیں گے۔ 


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟