13 اکتوبر 2019
تازہ ترین
نیب کی بڑی کارروائی، شہباز شریف خاندان کے 150 بینک اکائونٹس منجمد

نیب کی بڑی کارروائی، شہباز شریف خاندان کے 150 بینک اکائونٹس منجمد

قومی احتساب بیورو لاہور نے شہباز شریف خاندان کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کے 150 بینک اکائونٹس کو منجمد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے اس معاملے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط لکھا گیا تھا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے خاندان کے 150 بینک اکائونٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے منی لانڈرنگ کیس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے نواز شریف کے بھائی عباس شریف کے بیٹے کو 23 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے یوسف شریف کو بھیجے گئے مراسلے میں چودھری شوگر ملز کیس میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ چودھری شوگر ملز میں کتنے شیئر ہیں؟ کتنا قرض لیا گیا؟ کتنی رقم ٹی ٹی کے ذریعے وصول کی؟ اس حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔  ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشکلات میں بھی مزید اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ان کے خلاف بھی ٹی ٹی سامنے آ گئی ہے۔ نیب نے اس معاملے پر ان سے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے اکائونٹ میں ٹی ٹی کے ذریعے پیسہ منتقل کیا گیا تھا۔ نیب نے اس حوالے سے اہم ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔ چودھری شوگر ملز میں ٹی ٹی کے ذریعے پیسہ منتقل کر کے لگایا گیا۔ فنانشنل مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے نیب کو رپورٹ بھجوا دی گئی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف، حمزہ، سلمان، نصرت شہباز، عمران علی یوسف، مہرالنسائ، علی احمد خان، رابعہ عمران، عائشہ ہارون، مقصود اینڈ کمپنی اور نثار احمد کے بینک اکائونٹس کو منجمد کیا گیا ہے


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟