تازہ ترینخبریںدلچسپ و حیرت انگیز

104 سالہ خاتون اور 13 ہزار فٹ کی بلندی ، بوڑھوں کو جواں کر دینے والی کہانی

امریکہ سے تعلق رکھنے والی 104 سالہ خاتون نے پیراشوٹ کے ذریعے 13 ہزار فٹ سے زائد بلندی سے چھلانگ لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکی شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والی ڈوروتھی ہافنر کو امید ہے کہ سکائی ڈائیونگ کرنے والی معمر ترین شخصیت ہونے پر ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جائے گا۔
ڈوروتھی ہافنر ویسے تو واکر کے سہارے چلتی ہیں لیکن وہ اس سے پہلے بھی سکائی ڈائیونگ کر چکی ہیں

انہوں نے پہلی مرتبہ ایک سو سال کی عمر میں سکائی ڈائیونگ کا تجربہ حاصل کیا تھا۔
اس مرتبہ انہوں نے ریاست الینوئے میں ایک انسٹرکٹر کی مدد سے یہ کامیابی حاصل کی۔
سکائی ڈائیونگ کے بعد ڈوروتھی ہافنر انتہائی پرجوش نظر آئیں اور انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’عمر محض ایک عدد ہے۔‘
2022 میں سویڈن کی 103 سالہ لینیا انغیارد لارزون نے سکائی ڈائیونگ کی تھی اور ان کا نام بطور معمر ترین شخص گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔
تاہم شکاگو کا سکائی ڈائیو کا ادارہ ڈوروتھی ہافنر کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے اتوار کو امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے تصدیق شدہ انسٹرکٹر کی مدد سے 13 ہزار 500 فٹ یعنی چار ہزار 100 میٹر سے کی بلندی سے چھلانگ لگائی۔
ادارے کے مطابق ڈوروتھی ہافنر نے اتنی بلندی سے چھلانگ لگانے پر خود اصرار کیا تھا۔
سکائی ڈائیونگ کے وقت ڈوروتھی پُرسکون اور پُراعتماد نظر آئیں اور مکمل ہونے پر انہوں نے آرام سے لینڈنگ کی۔ ڈائیونگ کا دورانیہ سات منٹ کا تھا۔

کامیابی سے سکائی ڈائیونگ کرنے پر ڈوروتھی کے دوست انہیں مبارکباد دینے پہنچے اور پوچھا کہ وہ کیسا محسوس کر رہی ہیں۔
ڈوروتھی ہافنر نے جواب دیا ’شاندار لیکن اوپر فضا میں زبردست محسوس ہو رہا تھا۔ خوشگوار تجربہ تھا اور حیران کن، اس سے زیادہ اچھا نہیں ہو سکتا تھا۔‘
دسمبر میں ڈوروتھی ہافنر 105 برس کی ہو جائیں گی۔ اس ایڈوینچر کے بعد وہ ہاٹ ایئر بیلون میں سوار ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ڈوروتھی کے مطابق اس سے پہلے وہ کبھی بھی ہاٹ ایئر بیلون میں سوار نہیں ہوئیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button