یوم دفاع و شہدا آج ملک بھر میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

یوم دفاع و شہدا آج ملک بھر میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یوم دفاع و شہدا کا آغاز نمازفجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوا۔ یوم دفاع کے سلسلے میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، جہاں پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز فرائض سنبھال لیے، جن میں 5 لیڈی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم صابر تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کی، مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانہ کی۔  گیریږن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے صبح لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی بھی دی۔ میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے یادگار شہدائ پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ،ایڈمرل کلیم شوکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے، جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔ یوم دفاع و شہدائ کے موقع پر کراچی کے علاقے ملیر چھائونی میں بھی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ تقریب کے دوران پاک آرمی کے زیر استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگر ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟