23 ستمبر 2018
تازہ ترین
ہیٹ سٹروک سے  محفوظ رکھنے والی غذائیں

گرمیوں میں ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لئے ٹھنڈی غذائیں اور مشروبات کا استعمال کرنا بے حد ضروری ہے۔ گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی ہم بہت سے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔ تیز دھوپ، گرمی اور لو کی وجہ سے جسم کے درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے اور اس کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی اور دیگر امراض کا سامنا رہتا ہے۔ گرمیوں میں ہیٹ سٹروک کا بھی خدشہ رہتا ہے لہٰذا جسم میں پانی کی مقدار کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے اور اس کے لئے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہئے۔ گرمیوں کے موسم میں کیری کا شربت جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے انتہائی ضروری ہے، اس میں موجود اجزا جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں لیموں پانی کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے، لیموں پانی کا استعمال جسم کو نہ صرف ہیٹ سٹروک سے بچاتا ہے بلکہ گلوکوز کا لیول بھی برقرار رکھتا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں روزانہ 2 گلاس لیموں پانی کا استعمال کرنا چاہئے۔  گرمیوں میں روزانہ دن میں 2 سے 3 مرتبہ ناریل پانی پینا چاہئے کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف جسم کا درجہ حرارت کم رہتا ہے بلکہ بھرپور مقدار میں معدنیات بھی حاصل ہوتی ہیں۔ گرمیوں میں پیاز کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے کیونکہ اس میں شامل اجزا لو سے بچائو میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، لہٰذا روزانہ سلاد یا چٹنی کے ساتھ پیاز کا استعمال کرنا نہ بھولیں۔ ماہرین صحت کے مطابق گرمیوں میں لسی کا استعمال بھی لو اور ہیٹ سٹروک سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے لہٰذا ہمیں لسی کا استعمال بھی رکھنا چاہئے۔ گرمیوں کے موسم میں آلوچے کا استعمال جسم کو اہم معدنیات فراہم کرتا ہے جو پسینہ نکلنے سے ضائع ہوجاتے ہیں اس کے علاوہ آلوچہ لو سے بچائو میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟