16 نومبر 2018
ہیروں سے بھرے بادل پراسرار روشنی کی وجہ

 ہماری اپنی کہکشاں ملکی وے میں موجود دور دراز ستاروں کے گرد لپٹی غیر معمولی روشنی درحقیقت باریک ہیروں کے بادل کی وجہ سے برآمد ہوئی ، ماہرین ان سے خارج ہونے والی چمک اور مائیکرو ویو  شعاع سے کئی مخمصوں میں گرفتار تھے۔ کارڈف یونیورسٹی کے ماہرین نے بین الاقوامی فلکیات دانوں کے ساتھ مل کر انتھک تحقیق کے بعد کہا ہے کہ ملکی وے کہکشاں کے دور دراز مقامات پر بننے والے نئے ستاروں کے گرد موجود گیسوں کی غیر معمولی روشنی ان کاربن کرسٹلز کی وجہ سے ہے جنہیں انتہائی باریک نینو ڈائمنڈز کہا جاسکتا ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق کسی نئے سیارے کے گرد گیسی بادل موجود ہیں لیکن گزشتہ کئی عشروں سے ان کی غیر معمولی چمک اور مائیکرو ویو شعاعوں کے اخراج کی وجہ سمجھ نہیں آرہی تھی۔ اب معلوم ہوا ہے کہ ان دبیز بادلوں میں ہیروں کا چورا بھرا ہے جو گیسوں کو غیر معمولی چمک دمک دے رہا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ یہ ہیرے کاربن قلموں (کرسٹلز) کی صورت میں موجود ہیں لیکن اگر انہیں زمین پر بھی لایا جائے تو وہ بے کار ہوں گے کیونکہ یہ کرسٹلز بہت باریک ہیں جنہیں ہیروں کا چورا ہی کہا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے اپنی ان تحقیقات کو ریسرچ جرنل نیچر ایسٹرونومی میں شائع کیا ۔ واضح رہے کہ ملکی وے کہکشاں میں ان ستاروں کی غیر معمولی چمک 20 سال قبل دیکھی گئی تھی اور تب سے اب تک یہ ایک معمہ بنی ہوئی تھی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟