یورپی یونین کے ریگولیٹرز نے گوگل پر آن لائن اشتہارات کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ارب 68 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا ۔ گوگل پر الزام ہے کہ اس نے آن لائن تشہیر میں دیگر ویب سائٹ کو روکنے اور اپنی بالادستی برقرار رکھنے کے لئے ایڈسینس پلٹ فارم کے علاوہ بروکرز کا استعمال کیا اور مخالف کمپنیوں کو آن لائن مارکیٹ میں میریٹ کی بنیاد پر جگہ نہیں دی۔ گوگل اور اس کی آبائی کمپنی ایلفا بیٹ نے یورپی یونین کے اینٹی ٹرسٹ قوانین کو توڑا اور ایڈسینس استعمال کرنے والی ویب سائٹس کے ساتھ معاہدے میں قابل اعتراض شق کو شامل کیا جس کی وجہ سے گوگل کے مدمقابل دیگر کمپنیوں کے اشتہارات اپنی جگہ نہیں بنا سکے۔ گوگل کے خلاف شکایت مائیکروسافٹ نے 2009 میں یورپی یونین کو کی تھی ۔ گوگل پر اس سے قبل یورپی یونین اور فرانس کروڑوں ڈالر کا جرمانہ عائد کر چکے ہیں۔