15 نومبر 2018
تازہ ترین
کینسر کی شناخت کیلئے مقناطیسی تار تیار

 امریکی سائنسدانوں نے ایک ایسا مقناطیسی تار بنایا ہے جو خون میں تیرتے ہوئے کینسر خلیات اور ذرات کو خاص نینو ذرات کے ذریعے اپنی جانب کشش کرے گا۔ یہ حیرت انگیز تکنیک سٹینفرڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے وضع کی جس میں رگ کے اندر عین اینجیوگرافی کی طرح چھوٹا تار ڈالا جائے گا، جو خون میں تیرتے ہوئے سرطانی خلیات کو پکڑ کر مرض کی شدت کی تصدیق کر سکے گا۔ اس طرح خون کے ذریعے کینسر کو ابتدا میں ہی بروقت شناخت کیا جاسکتا ہے۔ جدید دنیا میں کینسر کی شناخت اور علاج دونوں طریقوں پر ہی دن رات کام جاری ہے۔ اس ضمن میں خون کے بائیو مارکرز کو دیکھتے ہوئے کئی ٹیسٹ بنائے گئے ، جبکہ حال ہی میں جلد کے کینسر کی شناخت کیلئے بھی خون کا ایک ٹیسٹ تیار کیا گیا ۔ ہم جانتے ہیں کہ کینسر کے ذرات اور خلیات بدن کے دیگر حصوں تک خون کے ذریعے سفر کر کے تیزی سے پھیلتے ہیں اسی طرح خون میں موجود کینسر کے آثار کی شناخت کا طریقہ بہت موثر ہے، جس سے مرض کی کیفیت اور شدت دونوں سامنے آ جاتی ہے۔ لیکن خون میں تیرنے والے خلیات کی تعداد اتنی کم ہوتی ہے کہ انہیں روایتی طریقوں سے دیکھنا ممکن نہیں ہوتا اور اسی لئے اب مقناطیسی تار کا نیا طریقہ پیش کیا گیا ۔ اس مطالعے کے سربراہ اور مصنف سیم گمبھیر کہتے ہیں کہ بسا اوقات کینسر کے مریضوں کے خون کے کئی ٹیسٹ لئے جاتے ہیں اور ان میں ایک بھی سرطانی خلیہ نہیں ملتا ۔ یہ کام عین اسی طرح مشکل ہے جس طرح نہانے کے ٹب میں موجود ریت کا ایک ذرہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔ اس کے لئے پہلے بدن میں بہت چھوٹے مقناطیسی نینوذرات شامل کئے جاتے ہیں، جو خون میں تیرتے ہوئے سرطانی خلیوں سے چپک جاتے ہیں ۔ اس کے بعد جب مقناطیسی تار رگ میں اتارا جاتا ہے، تو وہ کینسر والے خلیات اس تار سے چپک جاتے ہیں اور یوں مریض میں سرطان کی شدت اور کیفیت کی تصدیق ہوجاتی ہے۔ جب اسے خنزیروں پر آزمایا گیا تو اس کے زبردست نتائج برآمد ہوئے اور انہوں نے روایتی ٹیسٹوں کے مقابلے میں 10 سے 80 گنا زائد سرطانی خلیات کو پکڑ لیا۔ گھمبیر کے مطابق خون کی 80 ٹیسٹ ٹیوبز کی سے سرطانی خلیات ڈھونڈنے میں صرف 20 منٹ لگتے ہیں۔ چوہوں پر کئے گئے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ نینو ذرات کو اگر خون میں ڈالا جائے تو اس کا کوئی برا اثر نہیں ہوتا۔ اگلے مرحلے میں سٹینفرڈ کے ماہرین اسے انسانوں پر آزمانے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ اگر اس کی اجازت ملتی ہے تو انسانی بازو کے اندر کچھ منٹ مقناطیسی تار رکھنے سے کینسر کی شناخت آسان ہوسکے گی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟