23 ستمبر 2018
تازہ ترین
 کپتان ملک چلانے کیلئے اچھی ٹیم بنائیں گے ، محسن خان

محسن حسن خان نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے عمران خان ملک کو چلانے کیلئے اچھی ٹیم بنائیں گے تو کامیابی حاصل ہوگی۔ ایک انٹرویو میں محسن حسن خان نے کہا کہ عمران خان بطور کپتان ٹیم کیلئے بڑی سوجھ بوجھ سے فیصلے کرتے تھے، وہ جانتے تھے کہ کس کھلاڑی کی کہاں جگہ بنتی ہے، میں نمبر 3یا 4پر کھیلتا تھا، انہوں نے نئی گیند پر مہارت دیکھتے ہوئے اوپنر کھلایا تو سنچری اور لارڈز میں ڈبل سنچری بنائی، سابق کپتان جونیئر کو اعتماد دیتے اور ہر کرکٹر کی ٹیم میں اہمیت کو سمجھتے تھے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اسی انداز میں ملک کو چلانے کیلئے اچھی ٹیم بنائیں گے تو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان اور انسان عمران خان کے کردار سے میں پہلے  ہی واقف تھا، ان کا مشن دیکھا تو روایتی سیاستدانوں سے قطعی مختلف نظر آیا، وہ بادشاہوں کی زندگی گزار سکتے تھے، لیکن عوام کیلئے سڑکوں پر آئے اور مافیا کیخلاف جنگ لڑی۔ اس دوران کبھی آس پاس بھی نظر نہ آنے والے کرکٹرز اب مبارکبادیں دینے آ رہے ہیں۔ عمران خان میرٹ، قانون اور انصاف کی بات کر رہے تھے جو ہر محب وطن پاکستانی کا خواب ہے، اس وقت بھی سب کو ساتھ دینا چاہئے تھا۔  انہوں نے کہا  کہ عمران خان دوسروں کی طرح عیش کرنے نہیں ایک مقصد لے کر آئے ہیں، ان کے پاس پرکھنے والی نظر اور عزم بھی ہے، یقین ہے کہ پی سی بی میں بھی میرٹ پر فیصلے ہوںگے، سیاسی بھرتیاں نہیں بلکہ ہر کام کیلئے موزوں افراد کا انتخاب ہوگا، کوئی سفارشی اور مشکوک ماضی کا حامل سابق کرکٹر بورڈ میں نہیں ہوگا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟