21 جولائی 2019
تازہ ترین
ڈی ٹوکس چائے  کے صحت پر اثرات

ڈی ٹوکس چائے  کے صحت پر اثرات

موٹاپے کا شکار لوگ  ڈی ٹوکس چائے کا استعمال یہ سوچ کر کرتے ہیں کہ یہ کسی بھی طرح نقصان دہ نہیں ہوتیں اور تیزی سے وزن کم کرتی ہیں ، لیکن وزن کم کرنے کے لئے ڈی ٹوکس ٹی کو منتخب کرنے سے پہلے کچھ باتیں جاننا ضروری ہیں ۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ ہر ڈی ٹوکس چائے کے اجزا ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ اس میں ایسی بھی چائے ہوتی ہے جو نقصان دہ نہیں ہوتی لیکن بعض میں دست آور دوا(سنا) ملائی جاتی ہے جس کا زیادہ استعمال کلون کو زیادہ سکڑنے اور زیادہ سے زیادہ فاضل مادے اور پانی خارج کرنے پر مجبور کر دیتا ہے ۔ اس سے وقتی طور پر تو آپ دبلے نظر آتے ہیں لیکن یہ دبلا پن جسم کا پانی کم ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے جبکہ جسم کے فیٹس اپنی جگہ ہی رہتے ہیں یعنی یہ دوا فیٹس پر کوئی اثر نہیں دکھاتی۔ لہٰذا اپنے لئے ایسی ڈی ٹوکس ٹی کا استعمال کریں جس میں دست آور دوا (سنا ) شامل نہ ہو۔ ماہرین کے مطابق قدرتی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ یہ چیز ہمارے لئے مفید بھی ہوگی ۔ اس میں مختلف قدرتی اجزا شامل کر دیئے جاتے ہیں اور ان کو بنانے والے یہ نہیں جانتے کہ انہیں ملا کر استعمال کرنے سے صحت کو کیا نقصانات ہوسکتے ہیں ۔ تھائرائڈ سے لیکر ڈپریشن کی دوائوں تک جو دوا بھی ہم لے رہے ہوتے ہیں ان پر یہ چائے( جو بہ ظاہر بے ضرر نظر آتی ہے) غلط اثرات ڈالتی ہے۔ اس میں موجود دست آور دوا دوسری دوائوں کے اثر کو کم کرتی ہے۔ جو صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ زیادہ تر ڈی ٹوکس ٹی میں کیفین ہوتی ہے کیونکہ کیفین بھوک کو مارتی ہے۔ اگر آپ زیادہ کیفین کے عادی نہیں ہیں اور ڈی ٹوکس ٹی لے رہے ہیں تو یہ آپ کی نیند پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔  اکثر لوگ یہ چائے صحت مند اور ڈی ٹوکس رہنے کے لئے پیتے ہیں لیکن اس میں موجود دست آور دوا غذا کو خون میں معدے میں جذب نہیں ہونے دیتی کیونکہ کھانا کھاتے ہی آپ کو واش روم جانا پڑ جاتا ہے اس طرح اہم وٹامن اور منرلز بھی جسم میں جذب نہیں ہو پاتے اور صحت مند ہونے کی کوشش میں ہم مزید کمزور ہوجاتے ہیں ۔ حقیقت میں ڈی ٹوکس ٹی وزن کم نہیں کرتی وقتی طور پر تو آپ کو ایسا لگتا ہے لیکن یہ زیادہ عرصے قائم نہیں رہتا  اگر آپ واقعی اپنا وزن کم کرکے صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے آپ کو اپنی غذا پر توجہ دینی ہوگی۔ اپنی غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا اضافہ کریں اور بازار کے کھانوں سے گریز کریں اس طرح آپ صحت مند رہتے ہوئے اپنا وزن کم کر سکیں گے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟