19 نومبر 2018
ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کا حصہ

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور اے بی ڈویلیئرز بھی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے ۔ کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بائولرز کے چھکے چھڑانے والے دنیا کے بڑے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ پی ایس ایل کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ پر اس حوالے سے اشارہ دیا گیا تھا اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کی بڑی تعداد نے یہی اندازہ لگایا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔ اور اب ذرائع نے بھی اے بی ڈویلیئرز کے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کی تصدیق کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے لئے آ رہے ہیں۔ وہ تقریباً 3 ہفتوں کے لئے دستیاب ہوں گے، یعنی وہ 7 میچز کھیلیں گے۔ خیال رہے کہ ڈویلیئرز کا شمار جدید کرکٹ کے عظیم بلے بازوں میں ہوا ہے اور انہوں نے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔ ذرائع  کے مطابق آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ سے بھی مذاکرات میں مثبت اشارے ملے ہیں اور امید ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی بھی پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔ دوسری جانب فر نچائزز مالکان کی جانب سے پی ایس ایل سیکریٹریٹ سے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ وہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے لئے اپنے کھلاڑیوں کا چنائو کر سکیں۔ کھلاڑیوں کی حتمی فہرست کا عمل اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا اور اگلے ماہ کے وسط تک آئندہ پی ایس ایل کا ڈرافٹ بھی مکمل ہو جائے گا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟