17 نومبر 2018
تازہ ترین
ڈونلڈ ٹرمپ نے ابتدائی سروے میں ہیلری کلنٹن پر سبقت حاصل کرلی

ایف بی آئی کی جانب سے ہیلری کلنٹن کے خلاف خفیہ ای میل کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کے اعلان کے بعد سے امریکا کی سیاست نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے اور چند روز قبل ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کو مخالف امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر سبقت حاصل تھی لیکن اب انہیں شدید دھچکے کا سامنا ہے۔ حالیہ نئے سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 46 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے اور ہیلری کلنٹن 45 فیصد کے ساتھ پیچھے ہیں جب کہ 9 روز قبل کئے گئے سروے میں ہیلری کلنٹن کو مخالف امیدوار پر 12 پوائنٹس کی سبقت حاصل تھی۔دوسری جانب ہیلری کلنٹن کے خلاف خفیہ ای میل کی دوبارہ تحقیقات کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر تنقید کے نشتر چلانے کی رفتار میں مزید اضافہ کردیا جب کہ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو ٹرمپ کو ہیلری پر 8 پوائنٹس کی سبقت حاصل ہوسکتی ہے اور وہ 53 فیصد لوگوں کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جب کہ ہیلری کلنٹن کو 45 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہوگی۔اس سے قبل 22 اکتوبر تک ہیلری کلنٹن کو 52 فیصد اور ٹرمپ کو 49 فیصد عوام کی حمایت حاصل تھی۔ سال بھر انتخابی مہم چلانے والی ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن نے 22 اکتوبر کو ٹرمپ پر سبقت حاصل کی لیکن 5 روز بعد ہی 28 اکتوبر کو خفیہ ای میل کا معاملہ سامنے آنے کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر سال بھر کی گئی کوششوں پر پانی پھرتا دکھائی دے رہا ہے۔واضح رہے کہ ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی نے 28 اکتوبر کو سینیٹ کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ انہیں سابق وزیرخارجہ اور صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی خفیہ ای میل کی تحقیقات کے حوالے سے بعض شواہد ملے ہیں جس کے بعد ان کے خلاف ایک مرتبہ پھر تحقیقات شروع کی جارہی ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟