21 نومبر 2018
تازہ ترین
چین نے پاکستان کو نقدمالی مددکااعلان کرنے سے روکا ہے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے بتایا ہے کہ چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روکا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چین کی جانب سے امدادی رقم سے متعلق سوالات پر وزیر اعظم نے جواب سے معذرت کر لی اور کہا کہ چین نے پاکستان کی تاریخی مدد کی ہے، چین کتنی مدد دے رہا ہے ظاہر نہیں کر سکتے، دراصل چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روک دیا ہے، کیونکہ اس سے چین کےدیگر پارٹنرز تحفظات کا اظہار کر سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آ کر حیران کن گھپلوں کا معلوم ہوا، اور میڈیا رپورٹس میں آنے والی کرپشن کم لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پر آٹے میں نمک کے برابر لوگوں کے خلاف کاروائی ہو رہی ہے، ابھی بڑی مچھلیاں باقی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے دیئے گئے دھرنے اور مظاہروں کو مصالحتی انداز میں ہی حل کر سکتے تھے، دھرنے میں پیسے دے کر لوگوں کو لایا گیا اور اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو حکومتیں ختم ہو سکتی تھیں۔

عمران خان نے اراکین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں منظم ہو کر چلیں، اپوزیشن کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا، کوئی بھی رکن قومی اسمبلی وزیر دفاع پرویز خٹک کی اجازت کے بغیر ایوان میں تقریر نہیں کرے گا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ دو ماہ تک ایوان میں نہیں آ سکتا چیلنجز کا سامنا ہے لیکن دو ماہ بعد ایوان میں تواتر سے آیا کروں گا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟