21 ستمبر 2018
تازہ ترین
 چمگادڑ دوست سٹریٹ لائٹس متعارف

ڈنمارک کے ایک شہر زیودوک نائیکوپ میں عوام نے ایسی سٹریٹ لائٹس نصب کی ہیں جو چمگادڑوں کی حرکات پر اثر انداز نہیں ہوتیں اور عام روشنیوں کے برخلاف یہ روشنیاں جانور دوست بھی ہیں۔ ایک سال قبل فلپس کمپنی نے ڈنمارک کے ایک سروے میں کہا تھا کہ خاص طور پر تیار کردہ سرخ ایل ای ڈی لائٹس چمگادڑوں کے برتائو اور اڑان پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالتیں اور انہیں ان روشنیوں سے کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ چمگادڑوں کی کئی اقسام مکمل اندھیرے پر انحصار کرتی ہیں وہ سڑک پر پیلی سوڈیم روشنیوں اور سفید ایل ای ڈی سے دور بھاگتی ہیں۔ اس طرح انہیں اڑنے اور شکار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ دوسری جانب چھوٹے کیڑے روشنیوں کے گرد جمع رہتے ہیں اور چمگادڑیں وہاں سے دور رہتے ہوئے بھوکی رہتی ہیں اور ان کی آبادی بھی کم ہوسکتی ہے۔ چمگادڑوں کی آبادی کم ہونے سے قدرتی توازن متاثر ہوسکتا ہے اور یوں کیڑے مکوڑوں کی تعداد توقع سے بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے فلپس کمپنی نے ایک تجربہ کیا تھا جو ہالینڈ کی مشہور جامعات کے تعاون سے انجام دیا گیا۔ اس میں کھمبوں پر سفید، سرخ اور سبز ایل ای ڈی روشنیاں لگائی گئی تھیں۔ تینوں رنگوں کی روشنیاں اسی شدت پر تھیں جو ملک میں استعمال ہورہی ہیں۔ چمگا دڑوں کو سرخ روشنیوں سے کوئی فرق نہیں پڑا اور وہ معمول کے تحت پرواز کرتی رہیں جبکہ سبز اور سفید روشنیوں سے انہیں تکلیف ہوئی۔ اس طرح سرخ روشنی کی ویولینتھ سے ان جانوروں کو کوئی الجھن نہیں ہوئی۔ زیودوک نائیکوپ کا علاقہ نایاب چمگادڑوں کا مسکن ہے جن کی بقا ماحولیاتی توازن کے لئے بہت ضروری ہے اور اسی بنا پر اب یہاں ماحول دوست سرخ روشنیاں لگائی گئی ہیں۔ اب 89 ہائوس سسٹین ایبل ہائوسنگ کے نام سے اس پروجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟