20 نومبر 2018
تازہ ترین
 چلتے چلتے کے ریمیک پر لتامنگیشکر برہم 

 حال ہی میں گلوکار عاطف اسلم نے بالی وڈ فلم  مترون کے لئے لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے گانے  یونہی کوئی مل گیا تھا، سر راہ چلتے چلتے کا ریمیک گایا ، جس پر گلوکارہ نے شدید خفگی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکارہ لتا منگیشکر نے گانے کے ریمیک پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ گانا سنا ہے اور نہ ہی سننا چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کلاسک گانوں کے ریمیک کا جو ٹرینڈ چل نکلا ہے یہ انتہائی افسوسناک ہے، کیا گانوں کو بنانے کی صلاحیت یہ ہے کہ پرانے کلاسک گانوں کی موسیقی نقل کی جائے اور ان کی اصل شاعری میں ردو بدل کرکے انہیں پیش کیا جائے۔ انہوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس گانے کے اصل شاعر اور کمپوزرز نے اسے تیار کیا ، کسی کو اجازت نہیں کہ اسے تبدیل کریں، کیا محنت کی کوئی قیمت نہیں؟ دوسری جانب  گلوکارہ ایلکا یاگنک کے کامیاب گانے دلبر دلبر کا بھی بالی وڈ فلم ستی میواجیت کے لئے ریمیک بنایا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایلکا یاگنک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے سپر ہٹ گانوں کے ساتھ  چھیڑ چھاڑ کرنے کے بجائے نئے موسیقار نیا گانا بنا کر اسے سپر ہٹ کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے کہا  کہ ہمارے گانوں کے ساتھ تو یہ ہو ہی رہا تھا اور اب لتا جی کے گانوں کے ساتھ بھی شروع ہوگیا ، یہ قابل اعتراض ہے۔ واضح رہے کہ یہ گانا چلتے چلتے 1972 میں ریلیز ہونے والی فلم پاکیزہ کا ہے، جسے لتا منگیشکر نے اپنی آواز دی تھی، اس گانے کے موسیقار غلام محمد تھے جبکہ اس گیت کو کیفی اعظمیٰ نے لکھا تھا۔ اب یہ گانا فلم مترون کے لئے ریمیک کیا گیا ہے، جسے عاطف اسلم نے گایا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟