پی سی بی کا اعتراض، بھارت انڈر 19 ایشیا کپ میزبانی سے محروم

 ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعتراض پر بھارت کو آئندہ ماہ ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی سے محروم کردیا  ۔  پی سی بی نے اعتراض اٹھایا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث بھارت نے کھیلوں کے کئی بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں کیے تھے جس کی وجہ سے پاکستان ان مقابلوں میں شرکت سے محروم ہوگیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے خدشات ظاہر کیے تھے کہ بھارت میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی وجہ سے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہوسکتی ہے۔ پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ بین الاقوامی سطح کے اس ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی دوسرے ایشیائی ملک منتقل کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس حوالے سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں اے سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جہاں انڈر 19 ایشیا کپ کو بھارت سے ملائیشیا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم اس ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔