16 نومبر 2018
تازہ ترین
 پڑوسی کا سلمان خان پر سنگین الزام

 بالی وڈ کے سلطان سلمان خان پر ایک بزرگ جوڑے نے الزام لگایا ہے کہ سلمان خان اوران کا خاندان انہیں مسلسل پریشان اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے نواحی علاقے پنیول میں سلمان خان کا فارم ہائوس ہے، اسی فارم ہائوس کے پڑوس میں کیتن ککڑ نامی شخص کی بھی زمین ہیں جو 3 سال قبل امریکا سے واپس لوٹے ہیں۔ کیتن ککڑ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ زمین 1996 میں خریدی، زمین کی خریداری کے دوران انہوں نے سلمان خان کے والد سلیم خان سے بھی ان کی رضامندی حاصل کی۔ کیتن ککڑ کا کہنا ہے کہ جب بھی ان کا امریکا سے بھارت آنا ہوتا تو وہ اپنی اس زمین کا بھی چکر لگاتے۔ پڑوسی ہونے کے ناطے سلمان خان کی جانب سے ان کے ساتھ ہمیشہ انتہائی اچھا سلوک کیا جاتا رہا لیکن جب سے وہ مستقل طور پر بھارت آئے ہیں اور وہ اپنی زمین پر گھر بنانا چاہتے ہیں تو سلمان خان بالکل بدل گئے ہیں اور ان کی جانب سے انہیں مسلسل پریشان کیا جارہا ہے۔ اب صورت حال یہ ہے کہ زمین کے مالک ہونے کے باوجود وہ گھر نہیں بنا پارہے۔ کیتن ککڑ کا مزید کہنا ہے کہ سلمان خان نے اپنے فارم ہائوس کے باہر اس طرح دروازہ لگایا ہے کہ انہیں اپنی زمین پر جانے کے لیے بھی مشکل کا سامنا ہے۔ جب مقامی انتظامیہ کے ایک افسر نے سلمان خان کے خلاف ان کی مدد کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھی تبادلہ کرادیا گیا۔ پنیول میں سلمان خان کے گھوڑوں کے لیے بھی بجلی ہے اور ہماری زمین کے لئے بجلی ہی مہیا نہیں کی جارہی۔ اس سلسلے میں انہوں نے مہاراشٹر کے وزیر جنگلات سے بھی رابطہ کیا تھا، انہوں نے پہلے مدد کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن پھر بعد میں وہ بھی سلمان خان کے ساتھ پارٹی کرتے دیکھے گئے۔ ککڑ فیملی کی وکیل آبھا سین کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی فیملی بہت اثرورسوخ والی ہے اس وجہ سے ان کی کہیں بھی سنوائی نہیں ہورہی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟