17 نومبر 2018
تازہ ترین
پنجاب، طوفانی بارشیں، 15 افراد جاں بحق

 پنجاب میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی مختلف حادثات و واقعات میں 15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے ۔نجی ٹی وی  کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی ہے ۔ گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث پورا لاہور ڈوب گیا ہے جس نے حکومت پنجاب کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ لاہور میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بوندا باندی کا سلسلہ صبح سے شروع ہوچکا ہے،  بارش کے باعث شہر کی کئی اہم شاہراہیں اور گلیاں ندی نالوں کامنظر پیش  کررہی ہیں، جب کہ انتظامیہ  پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف  ہے۔ صوبائی دارالحکومت  میں وقفے وقفے سے برسنے والی بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے ہیں، نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، تالاب بنی  گلیاں اور سڑکیں انتظامی اداروں کی ناقص کارکردگی کو ظاہر کر رہی ہیں۔ بارش کے باعث لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس نے شہریوں کے مسائل مزید بڑھادئیے ہیں۔ دوسری جانب صبح    سے   جاری  تیز بارش لوگوں کے لیے رحمت کے بجائے زحمت بن گئی ہے، بارش  کا  پانی گھروں   میں  داخل   ہونے  سے   لوگوں   کا   لاکھوں   کا   نقصان   ہو گیا جب کہ گھروں میں بھی تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مسلسل ہونے والی بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات و واقعات میں سے15افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ جوہر ٹائون  میں بارش کے باعث  چھت گرنے سے باپ بیٹا  جا ں بحق  اور 3 سالہ لڑکی  زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے جنا ح ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟