17 نومبر 2018
پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ہرا  دیا

    ۔ گرین شرٹس نے 221 رنز کا ہدف 47.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد حفیظ نے 72 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شعیب ملک 42 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ محمد حفیط کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جو غلط ثابت ہوا، آسٹریلیا کو پہلا نقصان 31 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ڈیوڈ وارنر 16 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں جنید خان نے عثمان خواجہ کو 17 کے مجموعی سکور پر آئوٹ کرکے پاکستان کو دوسری کامیابی دلا دی، مچل مارش کو صفر پر محمد عامر نے آئوٹ کرکے آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، 86 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ گر گئی جب تراوس ہیڈ 29 رنز بنانے کے بعد حسن علی کا نشانہ بن گئے۔ گلین میکسویل پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کپتان سٹیون سمتھ نے 60 رنز بنائے، انہیں بھی عماد وسیم نے کلین بولڈ کیا، اس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 220 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ میتھیو ویڈ 35 ، مچل سٹارک تین، پیٹ کمنز صفر اور جیمز فوکنر 19 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ محمد عامر نے تین، جنید خان اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ حسن علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے ہدف قائم مقام کپتان محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 47.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد حفیظ نے 8 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شعیب ملک نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 34 ، شرجیل خان 29 اور اسد شفیق 13 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ مچل سٹارک اور جیمز فوکنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟