20 ستمبر 2018
پاکستان دوست اور اہم شراکت دار ہے، امریکا

امریکا کے معاون وزیر دفاع رینڈل شرائیور نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا دوست اور اہم شراکت دار ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے منعقد کی گئی تقریب کے دوران رینڈل شرائیور نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا فوجی تعلقات ہمیشہ بنیادی اہمیت کے حامل رہے ہیں اور  پاکستانی افواج کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں  نے کہا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کا دورہ پاکستان بہتر رہا اور دونوں ممالک کے درمیان بہت خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مائیک پومپیو اور ڈنفورڈ کے دورہ پاکستان کے بعد بہتر تعلقات کے لئے پر امید ہیں۔ یاد رہے معاون امریکی وزیر دفاع رینڈل شرائیور نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب 5 ستمبر کو امریکی وزیر دفاع مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے پاکستان کا دورہ کیا، جس کے دوران ان کی پاکستان کی سول اور عسکری قیادت سے ملاقات ہوئی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟