25 ستمبر 2018
تازہ ترین
پاپ کارن سے بنے مفید روبوٹ تیار

 کورنیل یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے پاپ کارن استعمال کرتے ہوئے ایک بہت دلچسپ روبوٹ بنایا ، جو انگلی نما ساخت رکھتا ہے۔ اس سادہ روبوٹ سے کسی شے کو گرفت کرنے کا کام لیا جاسکتا ہے۔ یونیورسٹی کے پروفیسر کرسٹین ایچ پیٹرسن اور طالبعلم سٹیون سیرون ایسا سستا روبوٹ بنانا چاہتے تھے جو پھیل سکے، اپنی سختی میں تبدیلی لائے اور اشیا کو تھامنے کا کام کر سکے۔ ان کے ذہن میں پاپ کارن کا خیال آیا جو آسانی سے دستیاب ہیں اور مکئی سے پاپ کارن بنتے وقت دس گنا تک پھیل سکتے ہیں۔ ٹیم نے ایسے پاپ کارن کا انتخاب کیا جس میں کوئی کیمیکل شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے مختلف اقسام کی مکئی اور ان سے پھوٹنے والے پاپ کارن پر بھی غور کیا۔ پھر سب سے زیادہ پھیلنے والی مکئی کو روبوٹ سازی میں استعمال کیا گیا۔ ابتدائی طور پر انگلی نما سادہ روبوٹ تیار کیا گیا۔ مکئی  کے دانوں کو نائیکروم سے بنے تار پر لگایا گیا۔ جیسے ہی دانوں کو حرارت دی گئی وہ پھوٹ کر پاپ کارن بنے اور انہوں نے نائیکروم کے تار سے بنی انگلیوں پر دبائو بڑھا کر ایک غبارے کو گرفت میں لے لیا۔ دوسرے تجربے میں مکئی کے 36 دانوں کو سلیکون پر لگایا گیا اور جو سخت ہوکر ایک ٹھوس شکل اختیار کر گیا۔ تیسرے روبوٹ کو مکئی سے ایک خاص شکل دے کر اس سے چار کلوگرام وزن تھامنے کا مظاہرہ کیا گیا۔ سادہ روبوٹ بنانے والی اس ٹیکنالوجی سے چھوٹے جمپنگ روبوٹ بنائے جاسکتے ہیں۔ تاہم پاپ کارن والے روبوٹ صرف ایک مرتبہ ہی استعمال ہوسکتے ہیں۔ کورنیل میں انجینئروں کی ٹیم کے مطابق ان روبوٹس کو بڑی تعداد میں بناکر ان سے بہت سارے کام لئے جاسکتے ہیں۔ یہ خود کار انداز میں ناکام ہوئے بغیر اپنی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ اسی بنا پر پاپ کارن روبوٹ بہت مفید ہیں۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟