20 نومبر 2018
 پارلیمنٹ حملہ کیس، وزیراعظم کی بریت کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں قانونی ٹیم کو بریت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کے لئے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ، جبکہ وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قانونی ٹیم کو باقاعدہ طور پر اس کی ہدایت بھی کردی۔ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے مطابق 2014 کے دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی کے کیس میں نامزد پی ٹی آئی رہنمائوں کی بریت کی درخواستیں 11 ستمبر کو دائر کی جائیں گے ۔ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم  نے کہا ہے کہ دھرنے کے مقدمات سیاسی بنیاد پر دائر کئے گئے ، اس لئے عدالت سے بریت کی درخواست کی جائے گی۔ یاد رہے کہ حکومت کے خلاف 2014 میں تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران ہنگامہ ہوا اور کارکنان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر دھاوا بھی بولا۔ ریڈزون میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں موجودہ وزیراعظم عمران خان، نومنتخب صدر مملکت عارف علوی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نامزد ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تمام ملزمان کو 11 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟