20 نومبر 2018
تازہ ترین
ٹی 20 ، نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کو شکست

  نیوزی لینڈ نے سہ فریقی ٹی 20سیریز کے ایک میچ میں انگلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔ ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلش ٹیم مقررہ اووروں میں 9 وکٹوں پر 184 رنز بنا سکی۔  ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو 14 کے مجموعی  سکور پر جوئے روٹ کی صورت میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو صرف 8 رنز بنا کر ٹم سائوتھی کا شکار بنے۔ الیکس ہیلز اور ڈیوڈ مالان نے دوسری وکٹ پر جارحانہ انداز اپنایا اور 65 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہیلز نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے اور ایش سودھی کا شکار بنے، جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن ڈیوڈ مالان نے مزاحمت جاری رکھی۔  158کے مجموعی  سکور پر مالان کے آوٹ ہونے کے بعد میچ انگلینڈ کے ہاتھ سے نکل گیا، جو 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر بلے بازوں میں جے ایم ونز 10، کپتان بٹلر 2، سیم بلنگ 12، ویلے 21 اور جورڈن 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ایش سودھی اور مچل سینٹنر 2،2 جب کہ ٹم سائوتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ خیال رہے کہ سہ فریقی سیریز میں آسٹریلیا تین میچز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے اب تک 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، انگلش ٹیم تین میچ کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے شکست ہوئی۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟