21 نومبر 2018
تازہ ترین
ٹماٹو کیچپ سے زنگ صاف کرنا آسان

لوہے کی کسی چیز پر زنگ لگ جائے تو اسے صاف کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس مشکل کا ایک بہترین حل ٹماٹو کیچپ کی شکل میں موجود ہے۔  ٹماٹو کیچپ، برتنوں میں جمے زنگ کو زبردست طریقے سے صاف کرتا ہے، جبکہ اس کا استعمال بھی بہت آسان ہے۔ اگر کسی برتن میں زنگ لگا ہو اور وہ ڈش واشنگ پائوڈر، لیکویڈ یا واشنگ پیسٹ سے صاف نہ ہورہا ہو تو اس برتن پر ٹماٹو کیچپ پھیلا دیجئے اور ایک سے دو گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا، ویسے ویسے ٹماٹو کیچپ کا رنگ سرخ سے تبدیل ہو کر سرخی مائل بھورا  ہوتا جائے گا۔ ایک یا دو گھنٹے بعد پہلے صاف پانی سے اس برتن کو اچھی طرح کھنگال لیں اور پھر معمول کے ڈش واشنگ پائوڈر، پیسٹ یا ڈش واشنگ لیکویڈ سے دھو لیں۔ اگر اس برتن کی دھلائی کے ساتھ اسے مانجھنے کا کام بھی کر لیں گے تو کچھ ہی دیر میں آپ دیکھیں گے کہ برتن پر جمے ہوئے زنگ کی موٹی تہہ ختم ہوچکی ہے۔ ٹماٹو کیچپ تیار کرنے کیلئے عموماً سرکہ (vinegar) استعمال کیا جاتا ہے جو بذات خود ایسیٹک ایسڈ یعنی ایک قسم کا تیزاب ہوتا ہے۔ یہ تیزاب آئرن آکسائیڈ اور کاپر آکسائیڈ (یعنی زنگ) کے ساتھ کیمیائی عمل کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے اور اسے کسی بھی سطح سے صاف کر سکتا ہے۔ یعنی اگر ٹماٹو کیچپ میسر نہ ہو تو صرف سرکے کی تھوڑی مقدار سے بھی کام چل جائے گا۔ البتہ ٹماٹو کیچپ اپنے گاڑھے پن کی وجہ سے برتن کے ساتھ چپکا رہتا ہے اور یوں اس میں شامل سرکے کو برتن کی سطح کے ساتھ کیمیائی عمل کرنے کا زیادہ بہتر موقع ملتا ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟