20 مارچ 2019
تازہ ترین
 ٹاسک فورس کا تمام اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ٹاسک فورس کے اجلاس میں ملک بھر کے اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے اسپورٹس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیر دفاع پرویز خٹک، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی، اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہاکی، کرکٹ، اسکواش سمیت تمام کھیلوں سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹاسک فورس نے وزیراعظم کو ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے شعبے میں ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت، بدانتظامی اور سہولتوں کے فقدان کے باعث پاکستان کھیلوں کے میدان میں پیچھے رہ گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں ملک بھر میں موجود اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے آخر تک کر دیا جائے گا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟