21 اپریل 2019
تازہ ترین
وینزویلا کے صدر نے ٹرمپ انتظامیہ کو شدت پسندوں کا ٹولہ قرار دیدیا

وینزویلا کے صدر نے ٹرمپ انتظامیہ کو شدت پسندوں کا ٹولہ قرار دیدیا

وینزویلا کے صدر نکولس مڈورو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو شدت پسندوں کا گینگ قرار دیدیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی حکومت بچانے کے لیے امریکی اور یورپی حمایت یافتہ اپوزیشن سے برسر پیکار وینزویلین صدر نکولس مڈورو نے الزام عائد کیا کہ ان کے ملک میں پیدا ہونے والے بحران کا ذمہ دار امریکا ہے۔ وینزویلا میں بدترین معاشی صورتحال، کرپشن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث نکولس مڈورو پر قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کے لیے بہت زیادہ اندرونی اور بیرونی دبائوہے۔ دوسری جانب امریکا اور کئی یورپی ممالک وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر جان گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کر چکے ہیں۔ جان گائیڈو ملک بھر میں حکومت مخالف مظاہروں کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جان گائیڈو کو عبوری صدر تسلیم کرنے کے ردعمل میں وینزویلا نے امریکا سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ وینزویلا کے فیصلے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فوج کے استعمال کا آپشن بھی موجود ہے۔ نکولس مڈورو نے اپنے انٹرویو میں اس امید کا اظہار کیا کہ وائٹ ہائوس میں موجود شدت پسند گروپ کو دنیا بھر سے آنے والے عوامی ردعمل کے نتیجے میں شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سیاسی جنگ ہے اور وائٹ ہائوس میں بیٹھا شدت پسند ٹولہ اپنے مفادات کے لیے وینزویلا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟