21 جولائی 2019
تازہ ترین
 وٹامن سی کی کمی  سے ہونیوالے مسائل

 وٹامن سی کی کمی  سے ہونیوالے مسائل

وٹامن سی  کی سنگین کمی کا امکان بہت کم ہوتا ہے مگر پھر بھی ہماری کچھ عادتیں جسم کو ضرورت کے مطابق اس وٹامن سے محروم کرنے کا باعث بن جاتی ہیں۔ ہمارے جسم کو متعدد افعال کے لئے اس کی ضرورت ہوتی ہے جو چربی گھلانے کا کام بھی کرتا ہے چونکہ ہمارا جسم اسے نہیں بناتا تو اس کی کمی کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے، جسے پورا کرنے کے لئے وٹامن سی سے بھرپور غذائوں کے استعمال کی ضرورت ہوتی ہے، جیسے مالٹے، سٹرابری، پپیتا، ٹماٹر، گوبھی اور شملہ مرچ سمیت متعدد ۔ جسم کے زخم بھرنے کا میکنزم کسی حد تک وٹامن سی پر انحصار کرتا ہے، یہ وٹامن کولیگن کی پیداوار بھی بڑھاتا ہے جو ان ٹشوز کو مضبوط کرتا ہے جو زخم کے اوپر بنتے ہیں، اس کی کمی یہ عمل سست کردیتی ہے۔ کولیگن جلد کو لچکدار رکھنے کے ساتھ جھریوں سے پاک رکھتا ہے، تو یہ حیران کن امر نہیں کہ وٹامن سی کی کمی آپ کو جوانی میں ہی بوڑھا بنا سکتی ہے کم از کم دکھا تو سکتی ہے جس کی وجہ چہرے پر موجود جھریاں ہوں گی۔ اسی طرح وٹامن سی کی مناسب مقدار درمیانی عمر میں بھی شخصیت میں جوانی کا تاثر برقرار رکھتی ہے۔ اگر جسم میں وٹامن سی کی کمی ہوجائے تو مسوڑھے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، ان میں زیادہ خون بہنے لگتا ہے کیونکہ وٹامن سی زخم بھرنے میں مدد دیتا ہے جس کی کمی کے باعث مسوڑے جلد ٹھیک نہیں ہوپاتے، اسی طرح وٹامن سی میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس مسوڑھوں کو سوجن سے بچاتے ہیں۔ وٹامن سی تیزابیت کو جذب کرتا ہے اور دانتوں کے اردگرد جھلی ہوتی ہے جو کہ اسے مضبوط بنانے کا کام کرتی ہے، اس جھلی یا ٹشو کو وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ صحت مند رہ سکے، اس وٹامن کی کمی سے دانت جوانی میں ہی ٹوٹ سکتے ہیں۔ وٹامن سی کی شدید کمی سے بالوں کی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور وہ عجیب طریقے سے نظر آنے لگتے ہیں، جو کہ بہت نازک اور آسانی سے ٹوٹ جاتے ہیں، اگر آپ کے بال ماضی میں گھنے تھے مگر اب نازک اور کمزور ہوچکے ہیں تو یہ وٹامن سی کی شدید کمی کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔ جوڑوں کی کرکری ہڈیوں کا بڑا حصہ کولیگن سے بنتا ہے تو وٹامن سی کی کمی جوڑوں کی تکلیف کا باعث سکتی ہے جبکہ سوجن بھی زیادہ ہونے لگتی ہے۔ ہر وقت تھکاوٹ متعدد امراض اور اجزا کی کمی کی علامت ہوسکتی ہے، مگر اس کے ساتھ اگر مزاج میں چڑچڑا پن بھی طاری ہو تو یہ وٹامن سی کی کمی کی نشانی ہوسکتا ہے، وٹامن سی جسمانی توانائی اور مزاج کو خوشگوار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وٹامن سی سبزیوں سے حاصل ہونے والے آئرن کو آسانی سے جذب ہونے میں مدد دیتا ہے اور اس کے بغیر وہ جذب نہیں ہو پاتا، یعنی وٹامن سی کی کمی خون کی کمی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ جب وٹامن سی کی کمی ہو تو اس سے جسمانی توانائی متاثر ہوتی ہے جس سے میٹابولزم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جب اس کی رفتار سست ہوتی ہے تو جسمانی وزن بڑھنے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟