اولمپکس میں روس کی شرکت پر پابندی

ڈوپنگ سکینڈل کی تحقیقات کے بعد ونٹر اولمپکس 2018 میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ۔2014میں سرکاری سرپرستی میں ڈوپنگ کا الزام سامنے آنے کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں 17 ماہ کی تحقیقات مکمل ہونے پر اولمپک کمیٹی نے گزشتہ روز روس کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا  ۔انٹرنیشنل اولمپک  کمیٹی نے روسی اولمپک کمیٹی کو بھی معطل کر دیا جبکہ آئندہ برس ہونے والے ونٹر اولمپکس میں شرکت پر بھی پابندی عائد کردی گئی تاہم ایسے روسی کھلاڑی جو ڈوپنگ میں ملوث نہیں ہیں، انفرادی طور پر مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔ دوسری جانب اگر روسی اتھلیٹس نے تمغے جیتے تب بھی میڈل ٹیبل پر روس کے تمغوں کی تعداد صفر رہے گی۔ یہ بھی یاد رہے کہ یکم نومبر سے اب تک 25 روسی اتھلیٹس پر تا عمر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ واضح رہے کہ ونٹر اولمپکس آئندہ برس فروری میں جنوبی کوریا میں ہونگے ۔