17 نومبر 2018
تازہ ترین
وزیر خارجہ کو افغان ہم منصب کا فون ،سیکیورٹی مسائل حل کرنیکی یقین دہانی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو افغان ہم منصب نے فون کیا اور پاکستانی قونصل خانے کے سیکیورٹی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کیا اور منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ پاک افغان وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی غور کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے سیکیورٹی مسائل پر بھی گفتگو کی۔ صلاح الدین ربانی نے قونصل خانے کی سلامتی کو لاحق خطرات اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو 28 اگست سے پہلے والی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود قریشی نے پاک افغان امن منصوبے کے تحت افغانستان میں قیام امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ ہفتے کو پاکستان نے افغانستان کے صوبے ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کر دیا تھا۔ صوبے ننگر ہار کے گورنر حیات اللہ حیات نے 29 اگست کو قونصل خانے پر دھاوا بولا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کی وجہ سے قونصل خانہ بند کیا گیا۔

 

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟