22 مارچ 2019
تازہ ترین
وزیراعظم نے وزارت پیٹرولیم کوفوری جامع پالیسی تیار کرنے کا حکم دیدیا، فواد چودھری

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری گیس بحران پر قابو پانے کے لیے وزارت پیٹرولیم کو فوری جامع پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ملک کی بہت بڑی اکثریت گیس سے محروم ہے جس کی وجہ گیس کی سپلائی میں کمی ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 28 فیصد عوام کو موجودہ سسٹم کی عام گیس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 63 فیصد عوام ایل پی جی استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کو ہر سال 50 ارب روپے کی گیس چوری کا سامنا ہے۔ فواد چودھری نے بتایا کہ وزارت پیٹرولیم کو گیس سے متعلق جامع پالیسی فوری بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے جب وزارت پیٹرولیم سنبھالی تو ایک روپیہ بھی قرضہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی خود کو گیس کا آئن اسٹائن ہی سمجھتے ہیں لیکن انہوں نے گیس سیکٹر کو اربوں روپے کا مقروض کر کے چھوڑا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس چیز پر مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے ہاتھ رکھا اس میں کرپشن نظر آئی۔ منی لانڈرنگ اسکینڈل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے حقوق پر بہت بڑا ڈاکا ڈالا گیا،  آصف زرداری، مراد علی شاہ اور فریال تالپور کرپشن اسکینڈل میں مرکزی کردار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی سفارشات پر 172افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی تک انہیں نہیں ملا، تحریری فیصلہ آتے ہی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ای سی ایل میں شامل ناموں کا جائزہ لے گی، کمیٹی جائزہ لے گی کہ فیصلے کے خلاف عدالت جانا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی کمیٹی کی جانب سے 20 افراد کے نام فوری ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش مسترد کر دی، یہ افراد بے نامی اکائونٹس سے اربوں ڈالر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے موجودہ معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹاک ایڈونسز کی مد میں 60 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ جنوری کے مہینے میں 4 فیصد قرضوں میں کمی آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دوہری شہریت کے حامل افراد کے لوگوں کے لیے پاکستان میں کام کرنے کے مواقع پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارت قانون کو 48 گھنٹوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی نوکریوں سے متعلق فہرست پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ملک کے اندر روزگار کے مواقع وسیع کرنا چاہتے ہیں، ایسی نوکریوں کی فہرست بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جو اوورسیز پاکستانی نہیں کر سکتے ہیں۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے کراچی کی ترقی پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای کے ساتھ ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کا معاہدہ ہو گیا ہے، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے کراچی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائےگا۔ وزیراعظم ہائوس کے بجلی کے بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف دور میں وزیراعظم ہائوس میں 88 ہزار یونٹ بجلی استعمال ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم تو وزیراعظم ہائوس میں مقیم نہیں تو بل 44ہزار یونٹ کیسے آیا۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کے اس بل پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے کہ بجلی کا بل زیادہ کیسے آیا۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ایئر مارشل ارشد ملک کو پی آئی اے کے ایڈیشنل ایم ڈی کا عارضی چارج دیا ہے جب کہ وزیراعظم نے سی ڈی اے کا چیئرمین نجی شعبے سے لینے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے چیئرمین سی ڈی اے کے تقرر تک چیف کمشنر عامر احمد علی کو چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی عارضی چارج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے پلاننگ خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت میں افراط زر میں 4 فیصد اضافہ ہوا جب کہ تحریک انصاف کی حکومت کا منشور غریب پروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ غریبوں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟