22 فروری 2019
تازہ ترین
وزیراعظم اورکرسٹین لیگارڈ  کے درمیان ملاقات،آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار

وزیراعظم عمران خان سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ نے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کرسٹین لیگارڈ نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے، پاکستانی معیشت میں استحکام معاشی اصلاحات اور فیصلہ کن پالیسیوں سے آئے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکج پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں اور حکومت پاکستان معشیت کے استحکام کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کر رہی ہے اور حکومت ملک میں سماجی تحفظ کو فروغ دے گی۔ 

عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جاری آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کے تناظر میں گفتگو ہوئی جس میں ’میں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔

آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا، پاکستان کی حکومت درست سمت معاشی اقدامات کر رہی ہے اور معشیت کی بہتری کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف معاشی اصلاحات پر متفق ہیں۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟