24 ستمبر 2018
تازہ ترین
واشنگٹن ، مسجد کو آگ لگا دی گئی ، نصف حصہ تباہ

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی اور یہ حادثاتی طور پر آگ لگنے کا واقعہ نہیں۔ اسلامک سنٹر آف ایسٹ سائیڈ کو بیلویو مسجد بھی کہا جاتا ہے اور ہفتے کی شب جب مسجد میں آگ لگی تو وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔ رپورٹ کے مطابق آگ مسجد کے پچھلے حصے میں لگی جہاں فائر فائٹرز نے 40 فٹ تک اونچے شعلے بلند ہوتے ہوئے دیکھے۔ بیلویو کے پولیس چیف اسٹیو مائیلٹ نے بتایا کہ ہم نے اس بات کی تصدیق کرلی ہے کہ یہ آتش زنی کا واقعہ ہے تاہم ہمیں اب تک اس کے محرکات کا علم نہیں۔ پولیس چیف نے بتایا کہ اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک 37 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا نام آئزک وائن ولسن ہے اور اس پر مجرمانہ فعل اور آتش زنی کے الزامات عائد کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پولیس یہ یہ مشتبہ شخص مسجد کے پچھلے حصے پر پڑا ہوا ملا تھا اور اسے فی الحال سیاٹل کے کنگ کائونٹی کریکشنل سینٹر میں قید رکھا گیا ہے جبکہ اس کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کردی گئی ہے۔ پولیس چیف کے مطابق فی الحال اس واقعے کو نفرت پر مبنی اقدام تصور نہیں کیا جارہا اور مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو ایک بار پہلے بھی مسجد میں بدنظمی پھیلانے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ واشنگٹن میں کونسل برائے امریکن اسلامک ریلیشنز نے اپنے فیس بک پیج پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خود سے کوئی نتیجہ اخذ نہ کریں اور حکام کو تحقیقات مکمل کرنے کا وقت دیں۔ گروپ کا کہنا ہے کہ حکام نے صورتحال کو پوری طرح سنبھال رکھا ہے اور لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ اگر ان کے پاس اس واقعے کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ 911 پر رابطہ کریں۔  واقعے کے بعد بیلویو مسجد کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ایک مقامی کمیونٹی سینٹر کو فی الحال نماز کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے مسجد کی دوبارہ تعمیر کے لیے لوگوں سے چندے کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ نومبر 2016 میں بھی امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم تین مساجد کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد شہری حقوق کی تنظیم نے مساجد کے باہر پولیس کی نفری بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ کیلیفورنیا کی کئی مسجدوں کو ہاتھ سے لکھے ہوئے خط موصول ہوئے تھے جن میں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف جبکہ مسلمانوں کو نسل کشی کی دھمکی دی گئی تھی۔  


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟