24 مارچ 2019
تازہ ترین
نیوزی لینڈ حملہ، شوبز و کرکٹ ستارے اشکبار

نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشتگردانہ حملے میں 40 سے زائد نمازیوں کی شہادت نے جہاں پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا وہیں پاکستانی کرکٹ و شوبز سٹارز نے بھی حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا ۔ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹویٹر پر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  نیوزی لینڈ کی عوام اور متاثرین کے اہل خانہ کے لئے دعا کی۔ نامور گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں دوران عبادت معصوم مسلمانوں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے شخص کی ویڈیو دیکھی، یہ میری زندگی کی سب سے زیادہ پریشان کرنے والی ویڈیو ہے، دیکھتے ہیں کہ دنیا اسے پرتشدد کارروائی کہتی ہے یا  دہشتگردانہ کارروائی۔ ماورا حسین نے بھی کرائسٹ چرچ  میں مساجد پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت کرنے کی جگہ پر کوئی کیسے معصوم لوگوں پر حملہ کر سکتا ہے ، ان لوگوں کا تعلق کیسے کسی مذہب سے ہوسکتا ہے۔ اداکارفیصل قریشی نے اس دہشتگردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ قومی وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ جو لوگ دہشتگردی کا راستہ اپناتے ہیں ان کا تعلق کسی ملک یا مذہب سے نہیں ہوتا، یہ لوگ صرف ڈر، خوف، درد اور زخم پھیلاتے ہیں۔ ثنا میر نے شہدا اور ان کی فیملی کے لئے دعا کی۔ پاکستانی کرکٹر سعید اجمل نے بھی واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خدا اس حملے میں شہید ہونے والے تمام افراد کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی توفیق دے۔ قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور متاثرین کے اہل خانہ کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ہم سب کو اس عالمی مسئلے پر قابو پانے کے لئے  متحد ہونا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کے دوہرے معیار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دہشتگردوں کو ایک بار پھر  ذہنی بیمار کا نام دے دیا جائے گا؟ سابق قومی کرکٹر شعیب اختر نے ویڈیو پیغام کے ذریعے واقعے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مساجد میں معصوم نمازیوں پر فائرنگ کی ویڈیو دیکھنا بہت خوفناک تھا۔ کیا ہم عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں؟ سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی کرائسٹ چرچ واقعے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے نیوزی لینڈ کو دنیا کی سب سے محفوظ اور پر امن جگہوں میں سے ایک پایا ہے جہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔ بنگلہ دیشی کپتان سے بات ہوئی اور یہ جان کر کہ بنگلہ دیشی ٹیم اس حملے میں محفوظ رہی سکون ملا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ دنیا کو متحد ہونا ہوگا، نفرت انگیزی ختم کرنی ہوگی کیونکہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ ہی لالہ نے متاثرین کے اہل خانہ کے لئے دعا کی اور کہا کہ اللہ شہیدوں کو اعلی مقام عطا فرمائے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟