21 اپریل 2021
تازہ ترین
نایاب مچھلی 11لاکھ روپے میں نیلام

نایاب مچھلی 11لاکھ روپے میں نیلام

 بلوچستان کے شہر گوادر کے قریب پشکان کے سمندر سے پکڑی گئی ایک نایاب مچھلی کو 11 لاکھ روپے سے زائد میں نیلام کر دیا گیا۔ ماہی گیر ذرائع کے مطابق مقامی طور پر یہ مچھلی سووا (sowa) اور کر(kir) کے نام سے مشہور ہے جو پشکان کے سمندر سے ایک مقامی ماہی گیر نے دور روز قبل پکڑی تھی۔ اس مچھلی کا وزن تقریباً 41 کلوگرام تھا، جو اپنے سینے اور معدے میں پائے جانے والے ایک خاص مادےکی وجہ سے نایاب سمجھی جاتی ہے اور جسے جراحی کے لئے مخصوص ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مچھلی کو کراچی کی ایک فشنگ کمپنی نے گوادر جیٹی پر نیلامی میں خریدا، جس کی قیمت تقریباً 11 لاکھ 48 ہزار روپے لگائی گئی۔ ماہی گیر ذرائع کے مطابق یہ مچھلی اس لئے نایاب ہے کیونکہ یہ ماہی گیروں کے جال میں شاذو نادر ہی پھنستی ہے، تاہم موجودہ سیزن میں چونکہ یہ مچھلی انڈے دینے ساحل پر آتی ہے تو ماہی گیروں کے جال میں پھنس جاتی ہے۔ سووا یا کر نامی اس مچھلی کے بارے میں گوادر اور ملحقہ ساحلی علاقوں میں ایک تاثر عام ہے کہ جس ماہی گیر کے جال میں یہ مچھلی پھنس جاتی ہے، اس کے وارے نیارے ہوجاتے ہیں۔ ماحولیاتی ماہر اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک سینئر اہلکار عبدالرحیم کے مطابق گزشتہ سال اسی نسل کی دس سے زائد مچھلیاں پکڑی گئیں جو ایک کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ماہی گیروں سے یہ مچھلی خرید کر کراچی لے جائی جاتی ہے، جہاں اس کے مزید اچھے دام ملتے ہیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟