13 نومبر 2018
ناپید شمالی سفید گینڈے کا ایمبریو تیار

سائنس دانوں نے شمالی سفید گینڈے کے حال ہی میں مرنے والے آخری نر کے سپرم اور جنوبی سفید گینڈے کی مادہ کے انڈوں کے اختلاط سے ایمبریو تیار کرلیا ، جس سے اس معدوم ہونے والی نسل کی دوبارہ افزائش کے امکانات روشن ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرہ ارض پر موجود شمالی سفید گینڈے کا آخری نر رواں سال مارچ میں مرگیا تھا جس کے بعد یہ نسل معدوم ہوگئی تھی کیونکہ اس نسل کی صرف دو مادائیں ہی بچی ہیں ، جبکہ آخری نر گینڈے  سوڈان کی باقی رہ جانے والی دو مادائوں سے افزائش نسل کی کوششیں مادائوں کے بانجھ ہونے کے باعث ناکام ہوگئی تھیں۔ اس ناکامی کے بعد سائنس دانوں نے اس نسل کو بچانے کے لئے آئی وی ایف ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لئے نر سفید گینڈے کے  سپرم کو منجمد کرلیا گیا تھا، جسے شمالی سفید گینڈے کی قریبی نسل جنوبی سفید گینڈے کی مادہ کے انڈے سے اختلاط کرایا گیا جو کہ کامیاب رہا۔ سائنس دان اس کامیاب تجربے کے بعد معدوم ہوجانے والی شمالی سفید گینڈے کی نسل کے دوبارہ پیدا ہوجانے کے لئے پرامید ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں جب سائنس دانوں نے کسی معدوم ہوجانے والی نسل کو بچانے کے لئے جدید تولیدی ٹیکنالوجی (IVF)کا استعمال کیا ہو، اس سے قبل مینڈک کی معدوم ہو جانے والی قسم  گاسٹرک بروڈنگ کے ایمبریوز بھی تیار کئے گئے تھے، جبکہ 2003 میں جنگلی مادہ ہرن کا کولون پیدا کرنے کے لئے ایک بکری کا  استعمال کیا گیا تھا ، تاہم وہ اپنی پیدائش کے فوراً بعد چل بسا تھا اسی طرح ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم سائبیریا کی معدوم ہوجانے والی ہاتھی کے نسل کو دوبارہ زندگی دینے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کئی سائنس دانوں کا موقف ہے کہ قدرت اور فطرت کے کاموں میں دخل اندازی کے مثبت نتائج نہیں نکلیں گے معدوم نسل کے احیا کے بجائے ماحولیات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر فطری لائف سائیکل کو نہ چھیڑا جائے تو کوئی نسل معدوم نہ ہو جس کے لئے انسانوں کو جنگلوں کی کٹائی، خطرناک کیمیکل کو سمندر میں بہانے اور پلاسٹک کے بے دریغ استعمال سے روکنا ہوگا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟