نئے پاکستان کیلئے مشترکہ جدوجہد ضروری، سرفراز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے نیا پاکستان بننے جارہا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ نئے پاکستان کی تکمیل کے لئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، عزم اور لگن کے ساتھ سخت محنت کو اپنا شعار بناکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں جشن آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے  انہوں  نے کہا کہ طلبا اور طالبات کو اچھی تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دینی چاہئے۔ ہر فرد کو اپنے شعبے میں احساس ذمے داری کے ساتھ قومی ترقی کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ کپتان نے کہا کہ یہ امر خوش کن ہے کہ جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک ہوکر پاکستان کے استحکام کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی میدان میں جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہوکر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتے ہیں، آخر میں سرفراز احمد نے تقریب کی مناسبت سے پاکستان کی آزادی کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟