ذرداری نےنوازشریف کو ملکی خزانہ لوٹےجانے کاذمہ دارقرار دیدیا

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکلا جب انہیں شک ہے اور اگر وہ بے قصور تھے تو کیوں نکلے،میاں صاحب کو ابھی تک خودنہیں پتہ کہ انہیں کیوں نکالا گیا، شریف خاندان واپس آجائے،جیلیں بھریں،جد و جہد کریں تو شاید کچھ بات بن جائے،خیبر پختونخوا میں ہرطرف ڈینگی اورکچرا نظر آ رہا ہے،دوبین لگا کر دیکھنے سے بھی کپتان کا نیا پاکستان نظر نہیں آتا،ن لیگ کو جب بھی حکومت ملی،ملک کنگال ہو گیا۔پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران سابق صدر آصف زرداری نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کپتان صاحب اپنی دنیا میں مست ہیں، ان کی نظرمیں سب سے اچھا بندہ پرویزخٹک ہے، کل میں پرویزخٹک کے گاؤں میں تھا وہاں بھی نیاپاکستان نہیں ،صرف کچرا نظر آیا،سندھ اب تک 150میگاواٹ بجلی دے چکا ہے، کے پی نےایک میگاواٹ بھی نہیں دی،حکومت میں آئے تو خیبرپختونخوا کے کونے کونے میں پہنچیں گے،پشاور میں لوگوں کو روزگار ملے گا، گیس اور بجلی ملے گی۔ تحریک انصاف نے سینیٹ میں ن لیگ سے اتحاد کر لیا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی لگائی جائے،ملک معاشی لحاظ سے کمزور ہورہا ہے تو کوئی تو ذمے دار ہوگا،جب بھی مسلم لیگ کو حکومت ملی اس نے ملک کو کنگال کیا، مسلم لیگ ن نے قرضہ بہت بڑھایا ہے جسے اتارنا بھی ہے،پیپلزپارٹی جب بھی حکومت میں آئی ایکسپورٹ اور فنانس بڑھی اور پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کاخزانہ بھرا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورمیں دنیا میں معاشی بحران تھا، اب ایسا نہیں،پچھلے چار سال میں نوازشریف نے کچھ نہیں کیا،لاہور کے حلقے این اے 120 میں ضمنی الیکشن ہوئے تو لوگوں کو روزگارملا،ضمنی انتخاب میں میاں صاحب کے حلقے میں مریم نوازگئیں توراتوں رات کام ہوگئے،این اے120 میں راتوں رات سڑکیں اور لوگوں کو نوکریاں دی گئیں، جب لوگوں کو نوکریاں ملتی ہیں تو ہمیں خوشی ہوتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دورمیں ایک جج صاحب ٹکر میں تھے، گیلانی کو گھربھیج دیا تھا،ہمارے دور میں وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا تو اقتدار کی منتقلی آرام سے ہوگئی تھی اور ہم نے کوئی جلوس نہیں نکالا، ہم نے یوسف رضا گیلانی کو احتجاج کے لیے بھی نہیں کہا۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ دیکھتے ہیں نواز شریف، مریم اور صفدر جیل جاتے ہیں یا نہیں، میاں صاحب کو چاہئے واپس آ کر جدوجہد کریں۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کو اپنے قیام سے لیکر آج تک خطرات کا سامنا ہے، قوموں کو خطرات کا سامنا ہوتا ہے، یہ کوئی ایسا ایشو نہیں، خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے بھی ملک کو چلانا ہے لیکن خزانے پر منشی بٹھایا گیا تھا، اب اس منشی کو کیا کہوں؟ آصف زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشرف مفرور ہے، وہ قوم کااور ہمارا مجرم ہے،اگر وہ اتنا بہادر کمانڈو ہے تو ملک سے بھاگا کیوں ہے؟ پرویز مشرف اتنا بہادر اور کمانڈو ہے تو واپس آ کر کیسز کا سامنا کرے۔