میانمار کے آرمی چیف کا فیس بک اکائونٹ بند

 فیس بک انتظامیہ نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر میانمار کے آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کے فیس بک اکائونٹس کو بند کر دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے تفتیشی کمیشن کی جانب سے میانمار کے آرمی چیف اور 5 جنرلوں کے سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر ٹرائل کے مطالبے کے بعد فیس بک نے میانمار فوج کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ فوجی افسران اور سیاسی رہنمائوں کے 18 فیس بک اکائونٹس اور 52 فیس بک پیجز کو ختم کر دیا ہے جب کہ  ایک انسٹا گرام اکائونٹ کو بھی ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے پہلی مرتبہ کسی ملک کے اعلیٰ فوجی افسران اور سیاسی رہنماؤں کے اکائونٹس کو بند کیا گیا ہے، ان افراد پر نئے اکائونٹس بنانے پر بھی پابندی عائد ہوگی، فیس بک نے یہ اقدام جنگی جرائم سے ناپسندیدگی اور نفرت آمیز مواد کے فروغ کو روکنے کی اپنی پالیسی کے تحت اُٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کے تفتیشی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں میانمار کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ فوجی افسران کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ان اہلکاروں کے عالمی ٹرائل کا مطالبہ کیا تھا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟