24 مئی 2019
تازہ ترین
میانمار میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، 9ہلاک

میانمار میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، 9ہلاک

میانمار کی مغربی ریاست راکھائن میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے ایک حملے میں 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ خیال رہے کہ 2017 میں راکھائن میں ہونے والے فوجی آپریشن کے باعث 7 لاکھ 40 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں عارضی پناہ گاہوں میں رہائش اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے تھے، اس حوالے سے اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے کہا تھا کہ اس انسانیت سوز جرائم کرنے پر یہاں کی فوجی قیادت کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ دوسری جانب فورسز علاقے میں موجود مسلح جنگجوئوں کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ارکان آرمی (اے اے) نے حالیہ کچھ ماہ میں علاقے میں روہنگیا افراد کو مضبوط کرنے اور ان کے حقوق کے حصول کے لئے میانمار کی سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے  اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ہونے والا حملہ راکھائن کے دارالحکومت سیتوی سے شمال میں قائم ایک گائوں یوئےتایوکے میں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے حوالے سے سامنے آنے والی تصاویر میں اہلکاروں کی لاشوں کو ایک تھانے میں زمین پر دیکھا گیا جن پر سفید رنگ کی چادریں موجود تھیں اور ان کے اطراف خون موجود تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ حملے میں 9 اہلکار ہلاک ہوئے، ایک زخمی ہے جبکہ ایک اہلکار لاپتہ ہے۔ پولیس ذرائع کی جانب سے افشا کی جانے والی معلومات میں بتایا گیا کہ حملہ آور جاتے ہوئے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ واقعے کے فوری بعد کسی بھی تنظیم یا گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، جبکہ اے اے سے ان کا موقف حاصل کرنے کے لئے فوری طور پر رابطہ نہیں ہوسکا۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟