20 نومبر 2018
منفی پراپیگنڈہ نہیں فلم کو سپورٹ کرنا چاہئے، سعیدہ امتیاز

 اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ مخالفین کے پراپیگنڈہ سے گھبرانے والی نہیں، میرٹ پر کام کیا ہے اور آئندہ بھی جو کام کروں گی وہ میرٹ پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈہ کی بجائے ہمیں پاکستانی فلم کو سپورٹ کرنا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا کہ میری فلم وجود کو عیدالفطر پر زبردست پذیرائی ملی لیکن کچھ مخالفین نے اس حوالے سے منفی پراپیگنڈہ کیا جس کو عوام نے قبول کرنے سے صاف انکار کر دیا ۔ خاص طور پر سوشل میڈیا پر میرے پرستاروں کی بڑی تعداد موجود ہے، جنہوں نے اس حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک فنکارہ کی حیثیت سے مجھے جو کام ٹھیک لگتا ہے، میں کرتی ہوں۔ پھر چاہے وہ فلم ہو یا پھر ٹی وی کمرشل یا فوٹو شوٹس۔ مجھے ٹی وی سیریلز میں بہت سے اہم کرداروں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی رہتی ہے لیکن میں نے اپنی زندگی کے کچھ اصول قائم کر رکھے ہیں اور اس کے مطابق ہی میں کام کرتی ہوں لیکن شوبز سے تعلق رکھنے والا ایک گروپ میری کامیابی اور کام کرنے کے انداز سے جیلس ہے اور اسی لئے وہ جان بوجھ کر جھوٹی اور بے بنیاد خبریں اور افواہیں پھیلاتے رہتے ہیں، جس سے مجھے تو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن میرے چاہنے والے غصے میں آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پاکستان میں جدید سینما کی شروعات ہے۔ ایسے میں ہم سب کو مل کر اس کی بہتری اور ترقی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ یہ وہ وقت نہیں جب ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے منفی پراپیگنڈہ کریں۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس وقت ہمیں پاکستانی فلم کو سپورٹ کرنا چاہئے۔ اس سلسلہ میں سینما انڈسٹری اور میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آج ہم نے ایسا نہ کیا تو پھر آنے والے دنوں میں یہاں صرف غیرملکی فلمیں ہی نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی جوکہ درست عمل نہیں ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟