13 نومبر 2018
تازہ ترین
ملک کا گانا راحت کی آواز میں ریلیز

ملک کا گانا راحت کی آواز میں ریلیز پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز پڑوسی ملک کی فلموں کا ایک لازمی جزو بن گئی ہے اور اب وہ بالی وڈ فلم ملک میں بھی اپنے سروں کے جادو جگا رہے ہیں۔ حال ہی میں راحت فتح علی خان کی آواز میں فلم ملک کا گانا  میرے مہرباں ریلیز کیا گیا ۔ یہ گانا پاکستانی ڈرامہ سیریل  میرے مہرباں کا اوریجنل سائونڈ ٹریک (او ایس ٹی) ہے، جس کی شاعری میں کچھ ردوبدل کی گئی ہے، تاہم دھن وہی ہے۔ فلم کی کہانی ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان تعصب کے خاتمے اور پاک بھارت تعلقات پر مبنی ہے۔ رشی کپور فلم میں مراد علی محمد نامی ایک مسلمان کا مرکزی کردار کریں گے جبکہ اداکارہ تاپسی پنو ایک وکیل کے روپ میں نظر آئیں گی۔ فلم ساز انہو بھو سنہا نے بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ یہ فلم  ہندوئوں اور مسلمانوں کے آپس میں تعصب پر نہیں بنائی گئی، بلکہ ایک انسان کے دوسرے انسان سے تعصب رکھنے پر بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  یہ کہانی میرے ذہن میں گزشتہ 22برس سے تھی جسے میں نے اب فلم کی شکل دے دی ، ملک میں امن ہونا چاہئے، سکون ہونا چاہئے، جو کہ صرف انسانیت سے ہوتا ہے۔ دوسری جانب رشی کپور نے ایک انٹرویو میں  فلم کو پاک بھارت دوستی کی طرف چھوٹا سا قدم قرار دیتے ہوئے کہا  کہ پاکستان اور بھارت دونوں آزاد ملک ہیں اور دونوں 70 برس سے صرف لڑ رہے ہیں جس کو ختم ہونے کی ضرورت ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟