ملکی برامدات میں کمی ، ملکی مستقبل دائو پرلگ گیا، ایف پی سی سی

 آئی بڑی تعداد میں غیر ملکی و مقامی زرائع سے قرضے لینا پڑے،برامدات کی تباہی کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے، بیان  

ایف پی سی سی آئی کے بزنس مین پینل نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال میں ملکی برامدات میں پانچ ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے جس نے ملکی ترقی کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے اور ملک کا مستقبل دائو پر لگا دیاہے۔ سینکڑوں کارخانے بند ہو گئے ہیں، برامد کنندگان دیوالیہ ہو گئے، لاکھوں مزدور بے روزگار ہو گئے جبکہ ملکی خسارہ بڑھتا چلا گیا۔ حکومت کو ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے مختلف زرائع سے سخت شرائط پر بھاری قرضے لینا پڑے جس سے ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچا ہے۔برامدات کی تباہی کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ملک و قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی جرات نہ ہو۔ بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی چیمبر کے سابق صدرسینیٹر غلام علی، نائب صدر شیخ اسلم ،احمد جواد اورمیاں عثمان نے یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹڈاپ کے سابق سربراہ کی وجہ سے ملکی برامدات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا کیونکہ وہ اپنے کام سے زیادہ سیاست کو توجہ دیتے رہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے برامدی شعبہ میں اصلاحات کی بھرپور کوشش کی مگر ٹڈاپ کے سابق سربراہ ایس ایم منیر نے نہ تو نجی شعبہ سے قابل زکرمشاورت کی اور نہ ہی انکے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی لی جسکی وجہ سے وہ تین سال تک حکومت کے دئیے گئے اہداف میں مسلسل ناکام ہوتے رہے اور اپنی نا اہلی کے مختلف جواز تلاش کرتے رہے جسکی وجہ سے بالاخر انھیں فارغ کر دیا گیا مگر وہ ملک کو جو نقصان پہنچا گئے ہیں اسکی تلافی میں بہت وقت لگے گا۔