معاوضہ لے کر جنازہ پر رونے والے افراد مقبول

افریقہ کے اکثر ممالک میں جنازوں کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور گھانا میں جنازوں پر غم زدہ اور رونے والوں سے معاشرے میں اہمیت بڑھتی ہے،  اسی بنا پر گھانا میں جنازوں پر پیشہ ور رونے والوں کو بلوایا جاتا ہے۔ اس رونے دھونے کو دیکھتے ہوئے لوگ اس بات کی تعریف کرتے ہیں کہ مرنے والے سے اہل خانہ کو کتنی محبت تھی اور اسی بنا پر اب رقم دے کر جعلی آنسو بہانے والوں کو مدعو کیا جاتا ہے یعنی اب گھانا میں جنازوں پر آہ و بکا اور آنسو بہانا ایک باقاعدہ کاروبار بن چکا ہے۔ گھانا کی ایک خاتون ایمی ڈوکلی کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ اپنے عزیزوں اور پیاروں پر کوشش کے باوجود آنسو نہیں بہا سکتے اسی لئے وہ ہم پر انحصار کرتے ہیں۔ ڈوکلی خود بھی بیوہ ہیں اور انہوں نے رونے کیلئے بیوائوں کا ایک گروپ بنا رکھا ہے۔ لیکن ہر جگہ رونا آسان بھی نہیں ہے اور اسی لئے وہ آنسو بہانے کا معاوضہ لیتی ہیں، اگر جنازہ بڑا ہوتو وہاں رونے کے پیسے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ جنازوں پر زیادہ سے زیادہ رونے والے بلوائے جاتے ہیں اور دیگر رسومات بھی ادا کی جاتی ہیں۔ اسی لئے افریقہ کے کئی ممالک پر جنازوں پر بہت رقم خرچ ہوتی ہے جو 15 سے 20 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔ علاوہ ازیں جنازے اور تدفین کی مشہوری کیلئے اشتہارات دیئے جاتے ہیں اور بڑے بڑے بورڈ لگائے جاتے ہیں۔ مرنے والے کیلئے مہنگے اور انوکھے تابوت بھی بنائے جاتے ہیں۔ گھانا میں جنازوں پر رونے والی ایسوسی ایشن میں انتہائی ذہین رونے والے افراد بھرتی کئے گئے ہیں جو ایسے ٹسوے بہاتے ہیں کہ غمزدہ خاندان ان پر پیسے نچھاور کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ بلکہ بسا اوقات تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ صحت مند لوگ بھی وصیت کر جاتے ہیں کہ ان کے مرنے پر رونے والوں کا یہی گروپ بلایا جائے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟