21 ستمبر 2018
تازہ ترین
مجھے خدا اور اس کے انصاف پر مکمل یقین ہے، علی ظفر

پاکستان کے نامور گلوکار واداکار علی ظفر نے کہا  کہ انہیں خدا پر اوراس کے انصاف پر مکمل یقین ہے۔ پاکستان شوبزانڈسٹری کے ورسٹائل اداکار علی ظفر ان دنوں اپنی پہلی پاکستانی فلم طیفا ان ٹربل کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور زور و شور کے ساتھ فلم کی تشہیر کر رہے ہیں۔ فلم میں علی ظفر کے ساتھ اداکارہ مایا  علی مرکزی کردار اداکر رہی ہیں مایا کی بھی یہ ڈیبیو فلم ہے۔ حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں علی ظفر نے فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں اور فلم کے ہدایت کار احسن رحیم  کافی عرصے سے فلم بنانے کاسوچ رہے تھے۔ جب میں بالی وڈ میں کام کررہا تھا اس وقت میں سوچتا تھا کہ جب ہماری انڈسٹری بین الاقوامی معیار کی ہوجائے گی تو ہم ایسی فلم بنائیں گے جسے انٹرنیشنل لیول پر ریلیز کیا جائے۔ ایک سال قبل میرے پاس طیفا ان ٹربل کا سکرپٹ آیا یہ بالکل کسی مصالحے دارکھانے کی طرح تھا۔ میں نے فوراً اس بارے میں احسن رحیم سے بات کی میں اس فلم کو لے کر بہت زیادہ پرجوش تھا اور ہم نے اس کہانی پر کام کرنا شروع کردیا۔ علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کے الزام سے متعلق کہا میں صرف ایک بات کہنا چاہتاہوں۔ میرا خدا اور اس کے انصاف پر مکمل یقین ہے۔ مجھے لگتا ہے انصاف ایک دن غالب آتا ہے۔ اس کے علاوہ جس جنون، ارادے اور حوصلے سے یہ فلم بنائی گئی ہے یہ اپنے آپ میں اتنی مضبوط ہے کہ فلم کو ان تمام چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔جب بھی کسی انسان نے مجھے بری طرح چوٹ پہنچائی ہے میں نے دل سے اس کا شکریہ اداکیا ہے کیونکہ اس شخص کی وجہ سے میری تخلیقی صلاحیت بڑھتی ہے اور مجھے بہت سارے آئیڈیا ز آتے ہیں، میرے نزدیک خوشی درد سے آتی ہے۔ کسی عظیم کامیڈین نے کہا ہے کامیڈی میں ٹریجڈی لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیتی ہے۔ کامیڈی صرف مذاق اور ہنسنے کانام نہیں ہے بلکہ کامیڈی وہ صورتحال ہے جو آپ کو ایک ہی وقت میں رونے اور ہنسنے پر مجبور کردیتی ہے۔ جب خدا آپ کو اونچائیوں پر لے جاتا ہے تو وہاں آپ کوبہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے آپ کے راستے میں ہر طرح کے لوگ آتے اور جاتے ہیں، کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟