ماجد خان کا نام تجویز نہیں کیا، احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں موجود ہے،  لیکن انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اس عہدے کے لئے ماجد خان کا نام تجویز نہیں کیا۔ احسان مانی نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کی جانب سے ماجد خان کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر بنائے جانے کی تجویز سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ  یہ بات سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس طرح کی خبریں کون پھیلا رہا ہے اور ان کا مقصد کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا عہدہ موجود ہے اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات آئین کے مطابق چلائے جائیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تمام تر اختیارات چیئرمین نے اپنے پاس رکھے، حالانکہ چیئرمین کا کام پالیسی اور حکمت عملی تیار کرنا ہوتا ہے اور اس پر عملدرآمد کے لئے چیف ایگزیکٹیوکوہونا چاہئے، اگر تمام اختیارات چیئرمین کے پاس ہی ہوں گے تو پھر اسے کون مانیٹر کریگا۔ میں چاہتا ہوں کہ چیئرمین سمیت ہر ایک جوابدہ ہو۔ انہوں نے  کہا کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کے بعد بھی پی سی بی میں چیف آپریٹنگ آفیسرکا عہدہ برقرار رہے گا، چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو بظاہر پاکستان کرکٹ بورڈ سے الگ رکھنے کی باتیں ہوتی ہیں لیکن درحقیقت پاکستان سپر لیگ کو پی سی بی کے ہی لوگ چلاتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ اور قائد اعظم ٹرافی میں کوئی بھی فرق نہیں کر سکتا، پاکستان سپر لیگ کے معاملات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور اس کے روز مرہ معمولات چلانے کے لئے مینیجنگ ڈائریکٹر کی سطح کی تقرری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کو بھی پیشہ ورانہ انداز میں چلانا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میڈیا کو ایک ہی جگہ سے خبریں اور معلومات فراہم کی جائیں جیسا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز میں ہوتا ہے، اسی لئے انہوں نے بورڈ میں غیر ضروری واٹس ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟